سری نگر،30؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) جنوبی ضلع پلوامہ کے گنڈی پورہ (پنگلنہ) گاوں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین جاری جھڑپ میں ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ مارا گیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اتوار کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز نے پلوامہ کے گنڈی پورہ (پنگلنہ) گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ سلامتی عملے کے اہلکار جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹنٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کافی دیر تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔
ذرائع نے بتایا کہ اندھیرا چھا جانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے صبح تک آپریشن کو مؤخر کر دیا تھا، معلوم ہوا ہے کہ پیر اعلیٰ الصبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ پھر شروع ہوا، جس دوران ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ مارا گیا، جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گاوں میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔ بتا دیں کہ آئی جی کشمیر وجے کمار نے اتوار کی شام کو ایک ٹوئٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ گنڈی پورہ (پنگلنہ) گاوں میں دو ملی ٹنٹ محصور ہیں جن میں سے ایک پولیس کانسٹیبل کی ہلاکت میں براہ راست ملوث ہے۔